نئی دہلی، 17 جنوری (یو این آئی) وزارتِ اقلیتی امور حکومتِ ہند نے حج 2026 کے سلسلے میں نجی حج گروپ آرگنائزرز (ایچ جی او ایس) اور پرائیویٹ ٹور آپریٹروں (پی ٹی او ایس ) کے ذریعے حج کو جانے والے عازمین کے لیے ایک اہم ہدایت جاری کی ہے۔
جاری ریلیز کے مطابق وزارت نے اس سے قبل جاری کردہ نوٹس مؤرخہ 4 دسمبر 2025 کے تحت عازمین کو 15 جنوری 2026 تک تمام لازمی رسمی کارروائیاں مکمل کرنے، مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے طے شدہ صحت اور دیگر شرائط پر عمل کرنے اور نسک (Nusuk) پورٹل پر آن بورڈنگ مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی، تاکہ آخری وقت میں کسی بھی طرح کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
وزارت کو بعد ازاں عازمینِ حج اور دیگر متعلقہ حلقوں کی جانب سے مقررہ مدت میں توسیع کی متعدد درخواستیں موصول ہوئیں، جن پر غور و خوض کے بعد عازمین کے وسیع تر مفاد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے تمام باقی ماندہ رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے لیے آخری طور پر 25 جنوری 2026 تک مہلت بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ اس توسیعی مدت کے دوران عازمینِ حج کے لیے درج ذیل امور کی تکمیل لازمی ہوگی:
• حج بکنگ کے تمام مراحل مکمل کرنا۔
• اپنا پاسپورٹ متعلقہ حج گروپ آرگنائزر کے پاس جمع کرانا۔
• مقررہ مدت کے اندر نسک (Nusuk) پورٹل پر آن بورڈنگ کو یقینی بنانا۔
وزارتِ اقلیتی امور نے عازمین کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ بکنگ سے قبل متعلقہ حج گروپ آرگنائزر یا پی ٹی او کی رجسٹریشن، منظوری اور کوٹے کی تصدیق لازمی کرلیں اور صرف حکومت سے منظور شدہ حج گروپ آپریٹروں کے ذریعے ہی بکنگ کریں۔
وزارت نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ 25 جنوری 2026 کے بعد کسی بھی صورت میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ فریقین کو نظرثانی شدہ شیڈول پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
0
