0

محکمہ فوڈ کی بڑے پیمانے پر سمپلنگ، شہد اور خشک میوہ جات کے نمونے لیبارٹری روانہ:اسسٹنٹ فوڈ کمشنر

سری نگر،22 فروری(یو این آئی) رمضان المبارک کے پیش نظر محکمہ فوڈ نے پوری وادی میں بڑے پیمانے پر معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ سری نگر سمیت مختلف اضلاع میں بازاروں کی سخت نگرانی اور غیر معیاری اشیاء کی سمپلنگ کی کارروائیاں جاری ہیں۔
اسسٹنٹ فوڈ کمشنر یامین نے یو این آئی کو بتایا کہ رمضان کی آمد سے قبل محکمے نے پوری وادیٔ کشمیر میں وسیع پیمانے پر اشیائے خوراک کی جانچ کا عمل تیز کر دیا ہے۔ ان کے مطابق کھجور، مصالحہ جات، تیل، دودھ، مٹھائیاں اور دیگر کھانے پینے کی چیزوں کے نمونے لیبارٹری روانہ کیے گئے ہیں، تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا یہ اشیاء معیار پر پورا اترتی ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سال بھر مارکیٹ چیکنگ اور سیمپلنگ مہم چلاتا ہے، تاہم رمضان المبارک کے پیش نظر اس مہم کو مزید وسیع اور سخت بنایا گیا ہے۔ یامین نے بتایا کہ گزشتہ ماہ محکمہ نے خشک میوہ جات، بالخصوص کشمش کی بڑی مقدار کی سمپلنگ کی تھی، جو تجزیے کے دوران غیر معیاری ثابت ہوئی۔ اسی طرح مختلف علاقوں سے حاصل کیے گئے پانی کے نمونے بھی معیار پر پورا نہیں اترے۔
گزشتہ روز بھاری مقدار میں شہد ضبط کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ شہد کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے ہیں اور ان کی رپورٹ چودہ دنوں کے اندر موصول ہوگی۔ رپورٹ آنے کے بعد متعلقہ دکانداروں کے خلاف ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ کا مقصد رمضان المبارک کے دوران عوام کو خالص، محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق بازاروں میں صفائی، معیار اور قیمتوں پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور آنے والے دنوں میں یہ مہم مزید تیز کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں