سری نگر، 3 مارچ (یو این آئی) سری نگر پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے بعض نیوز چینلز، میڈیا اداروں اور افراد کی جانب سے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جھوٹی، من گھڑت اور گمراہ کن معلومات کی دانستہ تشہیر کا نوٹس لیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ عناصر منظم انداز میں مسخ شدہ بیانیے اور غیر مصدقہ مواد پھیلا رہے ہیں جس کا واضح مقصد عوام کو اشتعال دلانا، امن عامہ میں خلل ڈالنا اور معاشرے میں بد امنی و انتشار پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کی مذموم غلط معلوماتی مہمات امن، سلامتی اور قومی سالمیت کے لئے سنگین خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں۔
پولیس بیان میں کہا گیا: ‘ سخت کارروائیاں کرتے ہوئے سری نگر پولیس نے سائیبر پولیس اسٹیشن میں متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر01/2026 درج کیا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘متعدد سوشل میڈیا پروفائلز کی نشاندہی کی جاچکی ہے اور متعلقہ افراد کو سائبر سیل میں طلب کیا گیا ہے، معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث پائے جانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی’۔
پولیس کا کہنا ہے: ‘اطلاعات کے مطابق کچھ نمایاں افراد بھی ایسے اقدامات کی کوشش کر رہے ہیں جن سے امن و امان اور عوامی نظم وضبط متاثر ہوسکتا ہے، ایسے تمام معاملات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں’۔
سری نگر پولیس نے واضح انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی خبریں، اشتعال انگیز مواد یاغیر مصدقہ معلومات پھیلانے والوں کو سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شہریوں اور میڈیا اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی خبر یا مواد کو شیئر کرنے سے قبل صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے اس کی تصدیق کریں تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن عامہ کو نقصان نہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر پولیس خطے میں امن و قانون کی بحالی کے لئے پر عزم ہے اور کسی بھی صورت میں امن کو سبو تاژ کرنے کی کوشش کو بر داشت نہیں کیا جائے گا۔
0
