جموں،10 مارچ (یو این آئی) راجوری ضلع کے نوشہرہ کے جھنگڑ علاقے میں منگل کے روز لائن آف کنٹرول کے نزدیک دراندازی کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے فوج نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا، جبکہ دوسرے کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔
فوج کے مطابق یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب خفیہ ایجنسیوں سے معتبر اطلاع ملی کہ جھنگڑ کے عام علاقے میں، ایل او سی کے قریب، دو مشتبہ دہشت گرد نقل و حرکت کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی علاقے میں تعینات فوجی دستوں نے الرٹ جاری کیا اور نگرانی کا دائرہ وسیع کر دیا۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اطلاع ملنے کے فوراً بعد فوجی اہلکاروں نے نہایت سرعت اور حکمت عملی کے ساتھ کارروائی کی اور دراندازی کی کوشش کرنے والے گروپ کا راستہ روک لیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جوابی کارروائی میں ایک عدم شناخت دہشت گرد مارا گیا جبکہ دوسرا گھنے جنگل کا رخ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوا جس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
واقعے کے بعد فوج نے جھنگڑ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ فوجی دستوں کو دوبارہ منظم کرکے مفروردہشت گرد کی تلاش کے لیے زمینی اور فضائی نگرانی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ ڈرون، جدید نگرانی کے آلات اور رات کے وقت دیکھنے والے آلات کی مدد سے علاقے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا سدباب کیا جا سکے۔
فوج نے کہا ہے کہ پورے علاقے میں بلند ترین چوکسی برقرار رکھی گئی ہے اور لائن آف کنٹرول کے اس پورے سیکٹر میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق دراندازی کی یہ کوشش اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ سرحد پار موجود گروہ سرگرمیوں کو تیز کرنے کی کوشش میں ہیں، تاہم فوج اس طرح کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
0
