سرینگر، 16 مارچ (یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ عید اور نوراتر کے آنے والے تہواروں کے پیش نظر ریاست میں ضروری اشیاء اور پیٹرولیم مصنوعات کی وافر دستیابی کو یقینی بناتے ہوئے ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ (گراں فروشی) کے خلاف سخت نظر رکھیں۔
انہوں نے انتظامیہ سے یہ بھی کہا کہ وہ عوام کو اسٹاک کی صورتحال کے بارے میں باقاعدگی سے باخبر رکھیں۔ وزیر اعلیٰ نے عید اور نوراتر کے تہواروں اور مغربی ایشیا کی موجودہ جغرافیائی سیاسی صورتحال کے تناظر میں ضروری اشیاء کے ذخائر کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ کو چوکنا اور فعال رہنا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کسی بھی ضلع میں مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی یا بلیک مارکیٹنگ کی اجازت نہ دی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’میرا خیال ہے کہ مجموعی طور پر انتظامیہ صورتحال سے بخوبی واقف ہے اور معاملات پر قابو رکھتی ہے۔ میں صرف یہ دہرانا چاہوں گا کہ جہاں خوراک اور رسد کا محکمہ اپنا کام کر رہا ہے، اضلاع میں بھی اس کی معاونت ہونی چاہیے۔‘‘ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ ضلعی سطح پر سخت نگرانی رکھیں تاکہ ضروری اشیاء کی ہموار ترسیل اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کو الرٹ رہنا چاہیے کیونکہ موجودہ بحران کے دورانیے کے بارے میں کچھ یقین سے نہیں کہا جا سکتا۔ ’’ ہمیں نہیں معلوم کہ یہ صورتحال کب تک رہے گی۔ یہ چند دن یا چند ہفتے بھی ہو سکتے ہیں۔ لہذا، ہمیں اپنی الرٹ پوزیشن برقرار رکھنی چاہیے تاکہ مصنوعی قلت پیدا نہ ہو۔‘‘ انہوں نے محکمہ اطلاعات کو بھی ہدایت دی کہ وہ افواہوں اور خوف و ہراس کی بنیاد پر خریداری کو روکنے کے لیے عوام کو اسٹاک کی پوزیشن کے بارے میں آگاہ رکھیں۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ سیاحوں کی آمد اور تہواروں کے سیزن کے پیش نظر کمرشل ایل پی جی سپلائی کو منظم کرنے سے پہلے ہوٹل مالکان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بھی مشورہ لیا جائے۔
اجلاس کے دوران وزیر خوراک، شہری رسد اور امور صارفین، ستیش شرما نے ان عناصر کی نشاندہی کی جو موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حالات سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے بدعنوان عناصر کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا اور انہیں نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔
0
