تہران، 20 مارچ (یو این آئی) ایرانی فضائیہ کے کمانڈر علی عبداللہی نے خبردار کیا ہے کہ امریکی ایف-35 طیارے کو نشانہ بنانا صرف پہلا سرپرائز تھا ، ابھی مزید حیران کن کارروائیاں آنا باقی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی فضائیہ کے کمانڈر علی عبداللہی نے ایک تہلکہ خیز اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی افواج نے امریکی ساختہ جدید ترین ایف-35 (F-35) لڑاکا طیارے کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
کمانڈر علی عبداللہی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کو مسترد کر دیا اور کہا صدر ٹرمپ کی تمام تر دھمکیوں کے باوجود ایران کے فوجی ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے ایف-35 طیارے کو نشانہ بنانے کو محض ایک “آغاز” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ “یہ صرف پہلا سرپرائز تھا، ابھی مزید حیران کن کارروائیاں آنا باقی ہیں۔”
ایرانی کمانڈر نے براہِ راست امریکی اور اسرائیلی افواج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تیار رہیں، کیونکہ ایران کے پاس ابھی مزید جوابی اقدامات موجود ہیں۔
ماہرینِ دفاع کے مطابق ایف-35 طیارے کو دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ (Stealth) طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے، اور اگر ایرانی دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ مشرقِ وسطیٰ کی فضائی جنگ میں ایک بہت بڑا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔
0
