0

کشمیر میں خشک سالی کا سایہ: مارچ میں بارشں میں 52 فیصد تک کی بڑی کمی ریکارڈ

سرینگر،26 مارچ (یواین آئی ) وادی کشمیر میں گزشتہ ہفتے کے دوران وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری اور بارشوں کے باوجود، رواں ماہ مارچ میں بارش کے مجموعی تناسب میں غیر معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق، کشمیر ڈویژن میں بارشوں میں 52 فیصد جبکہ جموں ڈویژن میں 46 فیصد کی کمی درج کی گئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق دونوں خطوں کے بیشتر اضلاع میں معمول سے کم بارش ہوئی۔
کشمیر میں ضلع گاندربل واحد علاقہ رہا جہاں بارش تقریباً معمول کے مطابق رہی، جبکہ جنوبی کشمیر کے اضلاع کُلگام اور شوپیاں میں سب سے زیادہ کمی دیکھی گئی۔ کُلگام میں صرف 22.4 ملی میٹر بارش ہوئی جو معمول سے 86 فیصد کم ہے، جبکہ شوپیاں میں 16.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو 83 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
دیگر اضلاع میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جن میں بڈگام (71 فیصد)، اننت ناگ (63 فیصد)، پلوامہ اور سری نگر (46-46 فیصد)، بانڈی پورہ (41 فیصد) اور بارہمولہ (38 فیصد) شامل ہیں، جبکہ کپواڑہ میں نسبتاً کم یعنی 37 فیصد کمی درج کی گئی۔
مجموعی طور پر کشمیر ڈویژن میں یکم مارچ سے اب تک 115.23 ملی میٹر کے معمول کے مقابلے میں صرف 55.43 ملی میٹر بارش ہوئی، جو تقریباً 51.90 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
جموں ڈویژن میں بھی بیشتر اضلاع میں بارش معمول سے کم رہی، تاہم پونچھ اور سانبہ میں معمول کے مطابق بارش ہوئی۔ اس ڈویژن میں 131.34 ملی میٹر کے معمول کے مقابلے میں 71.12 ملی میٹر بارش درج کی گئی، جو 45.85 فیصد کمی ہے۔
ادھر محکمۂ موسمیات سری نگر نے پیش گوئی کی ہے کہ 28 سے 30 مارچ کے درمیان جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔ اس دوران گرج چمک اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔محکمہ نے خاص طور پر 28 مارچ کی رات سے 30 مارچ تک بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برفباری اور کئی مقامات پر آندھی، گرج اور بجلی گرنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں