سری نگر،24دسمبر(یو این آئی) آئی جی کشمیر وی کے بردی کی سربراہی میں بدھ کے روز پولیس کنٹرول روم سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کشمیر زون کے تمام ڈی آئی جیز، شمال و جنوب سری نگر کے ڈی آئی جی سی آر پی ایف، ڈی آئی جی سی آئی ڈی کشمیر، وادی کے تمام اضلاع کے ایس ایس پیز، ایس ایس پی پی سی آر کشمیر، ایس ایس پی ریلوے اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں آئی جی پی کشمیر کو سیکورٹی انتظامات اور تعیناتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ شری بردی نے ہدایت دی کہ تمام تیاریوں کو پہلے سے مکمل کیا جائے، خصوصی طور پر رات کے اوقات میں چیک پوسٹس کو مضبوط کیا جائے اور وادی کے حساس مقامات پر چوکس نگرانی برقرار رکھی جائے۔
انہوں نے امن و امان کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ علاقوں میں اعلیٰ سطح کی چوکسی اور علاقائی تسلط کو یقینی بنانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
نئے سال کی تقریبات کے دوران سیاحوں کی آمد میں اضافے کے پیش نظر، آئی جی پی کشمیر نے اہم سیاحتی مقامات، کیبل کار ٹرمینلز، جنگلاتی راستوں، رش والے علاقوں اور مرکزی راستوں پر کثیر سطحی سیکورٹی کے اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے مربوط گشت، حقیقی وقت میں انٹیلی جنس شیئرنگ اور مسلسل نگرانی کی اہمیت بھی بیان کی۔
موسم کے پیش نظر، آئی جی پی نے افسران کو ہدایت دی کہ اہلکاروں اور آلات کی عملی تیاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی موسم سے متعلق ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے اور عوام کو بلا تعطل سیکورٹی اور مدد فراہم کی جا سکے۔ اجلاس میں ہائی ویز، ریلوے ٹریک اور اسٹیشنز کی سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
0
