0

آپریشن سندور نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم اپنے ہر شہری کے خون کے قطرے کا بدلہ لیں گے: منوج سنہا

جموں،14اکتوبر(یو این آئی)جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز 1965 کی جنگ میں ہندوستان کی کامیابی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر منعقدہ ایک عظیم تقریب کے دوران شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور سابق فوجیوں کو اعزازات سے نوازا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں حاصل کامیابی اور حالیہ آپریشن سندورہندوستانی فوج کے جذبۂ قربانی اور شجاعت کا مظہر ہیں، جس نے دنیا کو یہ باور کرایا کہ ہندوستان کی مسلح افواج دنیا کی سب سے طاقتور فوجوں میں شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے 1965 کی جنگ کے ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا،’یہ سرزمین اُن بہادر سپاہیوں کی ہے جنہوں نے پاکستان جیسے دہشت گرد ملک کے خلاف فرنٹ لائن پر کھڑے ہو کر ملک کی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ سرزمین جہاں ہمارے سابق فوجی رہتے ہیں، کسی زیارت گاہ سے کم نہیں۔ ہمارے سابق افواج نے ملک کی اقتصادی ترقی، سماجی تبدیلی اور ایک شاندار بھارت کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے 26 انفینٹری ڈویژن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس یونٹ نے آپریشن سندور کے دوران شاندار بہادری کا مظاہرہ کیا اور حالیہ قدرتی آفات کے دوران بھی عوام کی جانیں بچانے کے لیے ایثار و خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا،’آپریشن سندور نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم اپنے ہر شہری کے خون کے قطرے کا بدلہ لیں گے۔ کوئی بھی ملک یا طاقت ہندوستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔‘
لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے سابق فوجیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی قیادت کے تجربے اور نظم و ضبط کو استعمال کرتے ہوئے معاشرتی ترقی، کمیونٹی سروس اور شہری بہبود کے پروگراموں میں حصہ لیں۔
ان کے مطابق ہمارے سابق فوجی نوجوان نسل کے لیے رول ماڈل ہیں۔ وہ نئی نسل کو حب الوطنی، نظم و ضبط اور ایثار کے جذبے کی تعلیم دیں۔
انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقوں کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ شہداء کے اہل خانہ اور سابق فوجیوں کے وقار و احترام کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں