0

امریکہ میں 2025 میں خسرہ کے 2,000 سے زیادہ کیسز درج ہوئے

لاس اینجلس، 2 جنوری (یواین آئی) یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 2025 میں امریکہ میں خسرہ کے 2000 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، جو 1992 کے بعد سب سے زیادہ سالانہ تعداد ہے۔
30 دسمبر تک، ملک میں خسرہ کے کل 2,065 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے تقریباً 11 فیصد کو اسپتال میں بھرتی کرنے کی ضرورت پڑی۔ سی ڈی سی کے مطابق یہ کیسز امریکہ کی 44 ریاستوں میں درج کئے گئے، نیز امریکہ جانے والے کچھ بین الاقوامی سیاحوں میں بھی یہ معاملے سامنے آئے۔ یہ تعداد 1992 کے بعد سب سے زیادہ سالانہ تعداد ہے، جب ملک میں خسرہ کے 2,126 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
سی ڈی سی کے مطابق، 2025 میں پانچ سے 19 سال کی عمر کے مریضوں میں سب سے زیادہ کیسز تھے، جو کل کیسز کا تقریباً 42 فیصد تھے۔
امریکہ میں 2025 میں خسرہ سے تین اموات رپورٹ ہوئیں۔ سی ڈی سی کے مطابق امریکہ میں 2000 میں خسرہ کو ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا تھا، یعنی “خسرہ ملک کے اندر نہیں پھیل رہا ہے اور نئے کیسز کا پتہ اسی وقت ہوتا ہے جب کوئی بیرون ملک خسرہ سے متاثر ہو کر وطن واپس آتا ہے۔”
پچھلے سال خسرہ کے کیسز میں اضافے کے ساتھ، صحت عامہ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ جلد ہی اس کے خاتمے کی حیثیت کھو سکتا ہے، جیسا کہ کناڈا نومبر 2025 میں کھوچکا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں