سری نگر، 24 دسمبر (یو این آئی) منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کو تواتر کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دو بین ضلعی منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اننت ناگ پولیس کی ایک پارٹی نے ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ہر ناگ – باٹیگو بائی پاس پر دو افراد کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے تقریباً 65 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا اور بر آمد شدہ ممنوعہ مواد کو قانونی طریقہ کار کے مطابق ضبط کیا گیا۔
ملزموں کی شناخت بھوپندر سنگھ ولد چنن سنگھ ساکن گرداس پور پنجاب اور بلبیر چند ولد کشن چند ساکن دنا گڑھ گرداس پور کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اننت ناگ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے زیر ایف آئی آر نمبر 265/2025 کے ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اننت ناگ پولیس منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔
0
