جموں، 21 دسمبر (یو این آئی) منشیات کے خلاف مہم کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے اودھم پور پولیس نے تین بین ضلعی منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن چننی کی ایک ٹیم نے موٹر شیڈ چننی کے نزدیک چیکنگ کے دوران ایک ٹویوٹا فارچونر گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK01AN – 7711 کو روکا جو جموں سے سری نگر ی طرف جا رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور عمر شفیع بٹ ولد محمد شفیع بٹ ساکن صورہ سری نگر کی تحویل سے 4.91 گرام ہیروئن بر آمد کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ مزید تلاشی کے دوران گاڑی میں سوار دو مسافروں ابرار بشیر ولد بشیر احمد شیخ ساکن میرک آباد شالیمار اور ایقان پرویز ولد پرویز احمد میر ساکن گاسو حضرت بل سری نگر کے قبضے سے بالترتیب 4.85 گرام اور 4.55 گرام ہیروئن بر آمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق اس طرح ان تین افراد کی تحویل سے کل 14.31 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن چننی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر133/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
0
