0

ایران جنگ ختم کرنے کا مجوزہ امریکی منصوبہ، ’پیش رفت ہوئی ہے‘

25 مارچ (عقاب ویب ڈیسک)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والی بات چیت کی کوششوں میں پیش رفت ہو رہی ہے جس میں ایران سے ایک اہم رعایت کا حصول بھی شامل ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایک سورس کی جانب سے یہ تصدیق بھی سامنے آئی ہے کہ واشنگٹن نے ایران کو تصفیے کے حوالے سے 15 نکاتی تجاویز بھیجی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے منگل کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ دشمنی کے خاتمے کے لیے ایران میں ’صحیح لوگوں‘ سے بات کر رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہم ابھی بات چیت کرر ہے ہیں اور ایران والے معاہدے تک پہنچنے کے لیے بے تاب ہیں۔‘
دوسری جانب تہران کی جانب سے کسی براہ راست بات چیت کی تردید کی گئی ہے۔
ایران کی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے پیر کے روز مذاکرات سے متعلق رپورٹس کو ’جعلی خبریں‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کیا تھا۔
نیویارک ٹائمز نے رپورٹ دی ہے کہ واشنگٹن نے ایران کو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے 15 نکاتی پلان بھجوایا ہے۔
اسی طرح اسرائیل کے نشریاتی ادارے چینل 12 نے تین ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکہ اس 15 نکاتی پلان پر بات چیت کرنے کے لیے ایک ماہ کی جنگ بندی کا خواہاں ہے۔
اس معاملے سے واقفیت رکھنے والے ایک اور سورس نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے ایران کو پلان بھیجا ہے تاہم اس کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
اسی طرح اسرائیل کے میڈیا ادارے کا کہنا ہے کہ اس مںصوبے میں ایران کے جوہری پروگرام کا خاتمہ، پراکسی گروپوں کی حمایت کی بندش اور آبنائے ہرمز کو کھولنے کے نکات بھی شامل ہیں۔
دریں اثنا اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے فوری طور پر تبصرے کے لیے بھجوائی گئی درخواستوں کا جواب نہیں دیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں کو یہ بھی بتایا کہ ایران نے غیر جوہری توانائی اور آبنائے ہرمز کے حوالے سے اہم رعایت دی ہے تاہم انہوں نے مزید تفصیل نہیں بتائی۔
منگل کو برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک ایسی دستاویز کے مشاہدے کا دعویٰ کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کی جانب سے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل اور میری ٹائم آرگنائزیشن کو بتایا گیا ہے کہ ’دشمن ممالک سے تعلق نہ رکھنے والے جہاز‘ اگر ایرانی حکام کے ساتھ رابطہ کریں تو وہ آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں