تہران، 18 مارچ(یو این آئی) ایران نے بدھ کی علی الصبح باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ اس کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی ہلاک ہو گئے ہیں۔
کونسل کے سیکریٹریٹ نے مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح سویرے ایک بیان جاری کرتے ہوئے لاریجانی کی موت کی تصدیق کی۔ بیان میں انہیں تاحیات عوامی خدمت انجام دینے والا قرار دیتے ہوئے “شہید” کہا گیا ہے۔
اس سے قبل منگل کو اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے حملے میں لاریجانی مارے گئے ہیں، تاہم اس وقت ایران کی جانب سے اس کی نہ تصدیق کی گئی تھی اور نہ ہی کوئی ردِعمل سامنے آیا تھا۔
ایرانی کونسل کے مطابق لاریجانی کے ساتھ ان کے بیٹے اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت کئی دیگر افراد بھی مارے گئے ہیں۔ بیان میں لاریجانی کے طویل سیاسی کیریئر کو سراہتے ہوئے انہیں ایک ایسی شخصیت قرار دیا گیا ہے جس نے آخری لمحے تک ایران کی ترقی اور بیرونی خطرات کے خلاف اتحاد کے لیے کام کیا۔
اس سے قبل منگل کو ایران نے اپنے نیم فوجی دستے “بسیج” کے سربراہ غلام رضا سلیمانی کے مارے جانے کی بھی تصدیق کی تھی۔ ایران نے اسے “امریکی-صیہونی دشمن کی جانب سے کیا گیا دہشت گرد حملہ” قرار دیا ہے۔ ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق لاریجانی اور سلیمانی دونوں کی تدفین بدھ کے روز کی جائے گی۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے لاریجانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاریجانی میں ایثار، بصیرت، رفاقت اور دور اندیشی جیسی اعلیٰ خوبیاں موجود تھیں اور بلاشبہ اس نقصان کا ازالہ نہایت مشکل ہے۔
0
