سری نگر،13فروری(یو این آئی)جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے بمنہ پولیس اسٹیشن، سری نگر کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر، مختار احمد خان کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ایک مدعی سے 8,000 روپے رشوت طلب اور وصول کی۔
اینٹی کرپشن بیورو کو تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ مختار احمد خان، جو ایف آئی آر نمبر 88/2025 کے تفتیشی افسر تھے، نے عدالتی کارروائی کے باوجود غیر قانونی ادائیگی کا مطالبہ کیا اور مدعی کو دھمکایا کہ اگر اس کی مانگ پوری نہ ہوئی تو وہ پریشان کرے گا۔
شکایت موصول ہونے کے بعد اے سی بی نے تحقیقات کی، جس سے ابتدائی طور پر الزامات کی تصدیق ہوئی۔ جس کے بعد اے سی بی نے اس ضمن میں باضابط طور پر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق تحقیقات کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے مختار احمد خان کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ رشوت کی رقم موقع پر ہی براہِ راست گواہوں کی موجودگی میں ضبط کر لی گئی۔
مزید تحقیقات اس کیس میں جاری ہیں اور اینٹی کرپشن بیورو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی کرپشن یا رشوت کے واقعے کی اطلاع فوری طور پر فراہم کریں۔
