0

جموں میں 100 سے زائد جھونپڑیاں مسمار، جے ایم سی کی بڑی کارروائی

جموں،9 فروری(یو این آئی) جموں میونسپل کارپوریشن نے پیر کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد جھونپڑی نما غیر صحت بخش بستیوں کو مسمار کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ آپریشن کمشنر دیوانش یادو کی ہدایت پر کیا گیا، جس کا مقصد شہری صفائی ستھرائی اور عوامی صحت کو بہتر بنانا تھا۔
یہ کارروائی جگی دربار، پلوڑہ، جانی پور پولیس اسٹیشن کے نزدیک، لوئر روپ نگر اور سُبہاش نگر میں انجام دی گئی، جہاں ایسی کچی بستیوں کی نشاندہی کی گئی تھی جو بنیادی صفائی کے تقاضوں سے محروم تھیں اور صحت عامہ کے لیے خطرہ بن رہی تھیں۔
حکام نے بتایا کہ یہ جھونپڑیاں نہ صرف میونسپل قوانین کی خلاف ورزی تھیں بلکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے اقدامات خصوصاً اوپن ڈیفیکیشن فری معیار کو بھی متاثر کر رہی تھیں۔
ان بستیوں میں گندگی، آلودگی اور غیر قانونی تعمیرات کے باعث شہریماحول بری طرح متاثر ہو رہا تھا۔
جے ایم سی حکام کے مطابق، ایسے مزید انسداد تجاوزات اور انہدامی آپریشن آنے والے دنوں میں بھی جاری رہیں گے تاکہ غیر صحت بخش ڈھانچوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور شہریوں کو بہتر صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
میونسپل کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کے قوانین کی پابندی میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جموں کو ایک صاف، صحت مند اور او ڈی ایف معیارات پر پورا اترنے والا شہر بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں