0

جموں و کشمیر حکومت نے کیا وزیر اعظم راحت اسکیم کا آغاز

سڑک حادثات کے متاثرین کو ”گولڈن آور“ میں 1.5 لاکھ روپے تک مفت علاج

سرینگر//17مارچ/ جموں و کشمیر حکومت نے سڑک حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے مقصد سے پی ایم،روڈ ایکسیڈنٹ وکٹمز ہاسپٹلائزیشن اینڈ ایشورڈ ٹریٹمنٹ اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت حادثات کے متاثرین کو فوری اور نقدی کے بغیر علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔حکام کے مطابق اس اسکیم کے تحت ہر متاثرہ فرد کو حادثے کے بعد ابتدائی ”گولڈن آور“کے دوران 1.5 لاکھ روپے تک کا کیش لیس علاج فراہم کیا جائے گا۔ یہ سہولت حادثے کی تاریخ سے سات دن تک دستیاب رہے گی تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد مل سکے اور ان کی جان بچانے کے امکانات بڑھ سکیں۔یو این ایس کے مطابق اس مقصد کے لیے جموں و کشمیر بھر میں 140 سے زائد نامزد اسپتالوں کو اسکیم کے تحت شامل کیا گیا ہے جہاں سڑک حادثات کے متاثرین کو فوری طور پر داخل کر کے علاج فراہم کیا جائے گا۔اس اسکیم کے مو ¿ثر نفاذ کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ، محکمہ صحت، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو باہمی رابطہ اور تعاون کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی سڑک حادثے کی صورت میں فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی سڑک حادثے کی صورت میں فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا کنٹرول روم کو اطلاع دیں تاکہ زخمیوں کو جلد از جلد نامزد اسپتالوں تک پہنچایا جا سکے۔اس کے علاوہ حادثے کے متاثرین کی مدد کرنے والے افراد، جنہیں ”راہ ویر“یا گڈ سمارٹن کہا جاتا ہے، کو 25 ہزار روپے انعام اور تعریفی سند دی جائے گی۔ اگر ایک سے زیادہ افراد زخمی کی مدد کریں تو یہ انعامی رقم ان کے درمیان برابر تقسیم کی جائے گی۔حکام کے مطابق ہر سال قومی سطح پر دس نمایاں “راہ ویروں” کو ایک لاکھ روپے فی کس انعام بھی دیا جائے گا۔ اس اسکیم کا مقصد سڑک حادثات کے متاثرین کو بروقت طبی امداد فراہم کر کے ان کی زندگی بچانے کے امکانات کو بڑھانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں