0

جموں وکشمیر کو بجٹ میں خصوصی پیکیج ملنا چاہئے: نائب وزیر اعلیٰ

جموں، 2 فروری (یو این آئی) جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کا مطالبہ ہے کہ جموں وکشمیر کو ضرورتوں کے مطابق یونین ٹریٹری کے بجائے ایک ریاست کی طرح کا خصوصی پیکیج ملنا چاہئے۔
انہوں نے پیر کو جموں وکشمیر اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل نامہ نگاروں کو بتایا: ‘جموں و کشمیر کی ضرورتیں ایک ریاست کی جیسی ہیں گرچہ ہم ایک یونین ٹریٹری ہیں، آج جب بجٹ آئے گا تو ہمیں ریاست کی طرح کا خصوصی پیکیج ملنا چاہئے’۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں گذشتہ 11 برسوں کے دوران بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے، اس کے بعد کچھ واقعے ہوئے جیسے سیلاب آئے، پہلگام واقعہ ہوا جس سے ہمارے شعبہ سیاحت کو کافی نقصان ہوا اور اس کے علاوہ کئی ایسے شعبے ہیں جن کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی ضرورت ہے لہذا ہمیں ایک خصوصی پیکیج کی ضرورت ہے’۔
وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ کے درمیان ملاقات کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘جو باتیں کمرے میں ہوتی ہیں وہ راز کی باتیں ہوتی ہیں’۔
ریاستی درجے کی بحالی کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ صرف ہمارا نہیں ہے بلکہ بی جے پی کے لیڈروں نے بھی الیکشن کے دوران لوگوں سے وعدہ کیا کہ الیکشن ختم ہونے کے بعد جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ واپس دیا جائے گا’۔
انہوں نے کہا: ‘اب وقت آگیا ہے کہ بی جے پی کے لیڈروں سے پوچھا جائے کہ وہ جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کو بحال کریں’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں