نئی دہلی، 18 مارچ (یو این آئی) مسافروں کی سہولت میں بہتری اور ایئرلائن پالیسیوں کو یکساں بنانے کی ایک وسیع مہم کے تحت، شہری ہوا بازی کی وزارت نے ایئرلائنز کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر پرواز میں کم از کم 60 فیصد نشستوں کے انتخاب کو مفت فراہم کریں۔
یہ نئی ہدایت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے ) کے ذریعے جاری کی گئی ہے، جس کا مقصد مسافروں کے لیے منصفانہ رسائی کو یقینی بنانا اور ایئرلائنز کے طریقہ کار میں شفافیت لانا ہے۔ مزید برآں، ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایک ہی پی این آر پر سفر کرنے والے مسافروں کو ایک ساتھ بٹھایا جائے، اور ترجیحاً ان کی نشستیں برابر ہونی چاہئیں۔
ڈی جی سی اے نے ایئرلائنز کو مسافروں کے حقوق کے فریم ورک پر سختی سے عمل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے، خاص طور پر پروازوں میں تاخیر، منسوخی اور بورڈنگ سے انکار کی صورتوں میں۔ سامان کی پالیسی کے حوالے سے ڈی جی سی اے نے ایئرلائنز سے کہا ہے کہ وہ کھیلوں کے سامان اور موسیقی کے آلات کی ترسیل کو شفاف اور مسافر دوست انداز میں یقینی بنائیں، جو کہ حفاظتی اور آپریشنل قواعد کے تابع ہو گی۔
ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایئرلائنز پالتو جانوروں کو لے جانے کے لیے واضح اور شفاف پالیسیاں مرتب کریں۔ شفافیت برقرار رکھنے کے لیے ڈی جی سی اے نے ایئرلائنز سے کہا ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز، بکنگ پلیٹ فارمز اور ایئرپورٹ کاؤنٹرز پر مسافروں کے حقوق کو نمایاں طور پر آویزاں کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقائی زبانوں میں مسافروں کے حقوق کی واضح ترسیل سے وسیع تر رسائی اور آگاہی یقینی ہو گی۔ شہری ہوا بازی کی وزارت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق،ہندوستان عالمی سطح پر تیسری بڑی ملکی ہوا بازی کی مارکیٹ بن کر ابھرا ہے، اور ‘اُڑان’ اسکیم کے تحت فضائی سفر تیزی سے قابل رسائی اور ہمہ گیر ہو رہا ہے۔ ہندوستانی ہوائی اڈے روزانہ پانچ لاکھ سے زائد مسافروں کو سنبھالتے ہیں، جو اس شعبے کی تیز رفتار ترقی کا عکاس ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ مسافروں کو سہولیات فراہم کرنا اس کی اولین ترجیح ہے۔ اس عزم کے مطابق، وزارت نے سفر کو آسان بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں سستے کھانے کے لیے ‘اُڑان یاتری کیفے’، کتابوں تک مفت رسائی کے لیے ‘فلائی بریری’ اور ہوائی اڈوں پر مفت وائی فائی کی فراہمی شامل ہیں۔
0
