سری نگر، 8 مارچ (یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانا ترقی اور غریبی کے خاتمے کے لئے مضبوط ترین محرک ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہماری خواتین انتھک محنت کے ساتھ معاشرے کو زیادہ منصفانہ اور مساوی نظام کی طرف لے جانے کے لئے کام کر رہی ہیں۔
منوج سنہا نے اپنے پیغام میں کہاکہ ‘عالمی یوم خواتین کے موقع پر میں جموں وکشمیر کی اپنی تمام بہنوں کو مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں جو مرکزکے زیر انتظام خطے اور اپنے عظیم ملک کے مستقبل کی تشکیل کے لئے اپنے عزم اور غیر متزلزل حوصلے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ یہ موقع انہیں ملک کی ترقی کے سفر میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر آگے بڑھنے کی ترغیب دے گا’۔
ان کا کہنا ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانا ترقی اور غریبی کے خاتمے کے لئے مضبوط ترین محرک ہے اور آج ہماری خواتین انتھک محنت کے ساتھ معاشرے کو زیادہ منصفانہ اور مساوی نظام کی طرف لے جانے کے لئے کام کر رہی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر کی بے شمار با صلاحیت خواتین اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور ہر ایک پر امن اور خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر میں اپنا رول ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یوم خواتین ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم خواتین کے حقوق کے تحفظ ، انصاف کی فراہمی، ان کی سلامتی کو یقینی بنانے اور ان کی فلاح کو فروغ دینے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔
منوج سنہا نے خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہئے جس میں خواتین کو مساوی مواقع حاصل ہوں اور وہ اپنی حقیقی صلاحیتوں کے ساتھ آگے بڑھ کر ترقی اور خوشحالی حاصل کر سکیں۔
0
