0

رامبن میں ’میٹھے انقلاب‘ کی شروعات، شہد کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ متوقع: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

جموں،11دسمبر(یو این آئی) وزیر اعظم کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ضلع رامبن میں اس سال شہد کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہونے جارہا ہے۔
وزیر مملکت کے مطابق، گزشتہ برس جہاں رامبن میں شہد کی پیداوار صرف 150 ٹن تھی، وہیں اس سال اس میں کئی گنا اضافہ متوقع ہے اور پیداوار 12,000 کوئنٹل تک پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف زرعی شعبے کے لیے خوش آئند ہے بلکہ دیہی معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی سنگ میل ثابت ہوگی۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ’ ایچ اے ڈی پی کے تحت کسانوں کو 35 سبسڈائزڈ بی کالونیز فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ جدید چھتے بھی مہیا کیے جا رہے ہیں تاکہ شہد کی بہتر اور معیاری پیداوار ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے کے کسانوں کی آمدنی میں قابل ذکر اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔ ان کے مطابق، مرکزی حکومت کا مقصد جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں ایسی اسکیموں کے ذریعے زرعی اور دیہی ترقی کے رفتار کو تیز کرنا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ رامبن ضلع میں یہ ’میٹھا انقلاب‘ اس بات کی علامت ہے کہ جدید سائنسی طریقوں اور حکومتی معاونت کے ذریعے کسانوں کی معاشی حالت بدلی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے برسوں میں شہد کی صنعت نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک کی برآمدات میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں