سری نگر،15 فروری (یو این آئی) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں فوڈ سیفٹی محکمے نے بازاروں میں کھانے پینے کی تمام اشیاء کی سخت جانچ کا عمل تیز کر دیا ہے۔ اسسٹنٹ فوڈ کمشنر یامین نے یو این آئی کے ساتھ بات چیت کے دوران بتایا کہ محکمہ پہلے ہی کھجوروں سمیت مختلف اشیاء کی سمپلنگ کا سلسلہ شروع کر چکا ہے اور رمضان کے پیش نظر اس مہم کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں کھجوروں کی باقاعدہ سمپلنگ کی گئی تھی جبکہ اس سے قبل بھی مختلف دکانوں کا دورہ کرکے کھجور سمیت دیگر خشک میوہ جات کے نمونے حاصل کیے گئے۔ یامین کے مطابق یہ معمول کا عمل ہے، تاہم رمضان المبارک کے قریب آنے کے ساتھ اس میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے تاکہ صارفین تک صرف معیاری اور محفوظ اشیاء ہی پہنچ سکیں۔
اسسٹنٹ فوڈ کمشنر نے مزید بتایا کہ محکمہ کھجور کے علاوہ کشمش، کاجو، سوجی، گھی اور دیگر ضروری اشیائے خور و نوش کی بھی مسلسل سیمپلنگ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں ہر سال رمضان کے دوران اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، اس لیے معیار کی نگرانی نہایت ضروری ہے۔
یامین نے یقین دہانی کرائی کہ آنے والے دنوں میں مزید وسیع پیمانے پر سمپلنگ مہم شروع کی جائے گی تاکہ بازاروں میں دستیاب تمام اشیاء کی تفصیلی جانچ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے تاجروں اور صارفین دونوں سے اپیل کی کہ وہ صرف رجسٹرڈ دکانوں سے اشیاء خریدیں اور اگر کہیں مشکوک یا غیر معیاری چیز دیکھیں تو فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کو فوری اطلاع دیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ کا مقصد ماہِ مقدس کے دوران صارفین کو صحت بخش اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے اور اس سلسلے میں تمام افسران کو فعال کر دیا گیا ہے۔
0
