واشنگٹن، 11 مارچ (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک میں 50 سالوں میں پہلی بار تعمیر ہونے والی 300 ارب ڈالر کی آئل ریفائنری میں ہندوستان کا ریلائنس انڈسٹریز گروپ شراکت دار بنے گا مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ نے یہ معلومات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر شیئر کی ہیں انہوں نے کہا، “اس زبردست سرمایہ کاری کے لیے ہندوستان میں ہمارے شراکت دار اور ہندوستان کی سب سے بڑی نجی توانائی کمپنی، ریلائنس کا شکریہ۔”
مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا، ” آج، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ امریکہ فرسٹ ریفائننگ 50 سالوں میں پہلی نئی امریکی آئل ریفائنری براؤنز وِیلے، ٹیکساس میں شروع کر رہی ہے۔ یہ 300 ارب ڈالر کا تاریخی معاہدہ ہے، جو امریکی تاریخ کا سب سے بڑا، امریکی عوام، توانائی اور جنوبی ٹیکساس کے لوگوں کے لیے نوید ہے۔”
انہوں نے مزید کہا: “ہمارے امریکہ فرسٹ ایجنڈے، اجازت ناموں کو آسان بنانے اور ٹیکس کو کم کرنے کی وجہ سے یہ ممکن ہوا ہے کہ ہمارے ملک میں اربوں ڈالر کے سودے واپس آ رہے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ براؤنزویلے پورٹ پر نئی ریفائنری سے امریکی مارکیٹ کو فروغ ملے گا، اس کی قومی سلامتی مضبوط ہوگی، امریکی توانائی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، اور اربوں ڈالر کے اقتصادی فوائد مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ ریفائنری دنیا کی سب سے صاف ستھری ہو گی۔
ریلائنس انڈسٹریز نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
