جموں، 16 فروری (یو این آئی) منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم میں جموں وکشمیر پولیس نے ضلع سانبہ میں تین منیشات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن وجے پور کی ایک ٹیم نے تارا پور علاقے میں گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک گاڑی (بلینو) زیر رجسٹریشن نمبرJK09D – 2038 کو چیکنگ کے لئے روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی میں سوار تین افراد کے قبضے سے 7.85 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد تینوں کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔
ملزموں کی شناخت شاہد شفیق ولد شفیق احمد ساکن ٹنگڈار کپوارہ، یونس رفیق ولد محمد رفیق ساکن راول پورہ سری نگر اور کامران فاروق ولد فاروق احمد ساکن گلشن نگر نوگام سری نگر کے طور پر کی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ممنوعہ مواد اور گاڑی کو ضبط کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن وجے نگر میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر26/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ سانبہ پولیس منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
0
