0

سوئٹزرلینڈ :ریزورٹ کے بار میں آگ لگنے سے 40 افراد ہلاک، 110 سے زائد زخمی

جنیوا، 2 جنوری (یو این آئی) سوئٹزرلینڈ کے جنوب مغربی علاقے والیس کینٹون میں واقع مشہور اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا کے ایک بار میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 110 سے زائد زخمی ہو ئے ہیں۔ مقامی پولیس نے جمعرات کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔

والیس کینٹون پولیس کے سربراہ فریڈرک گسلر نے پریس کانفرنس میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم تقریباً 40 افراد کی موت اور 115 کے زخمی ہونے کی تصدیق کر رہے ہیں، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔”

پولیس کے مطابق زخمیوں میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں، جنہیں والیس کینٹون کے دارالحکومت سیون کے اسپتالوں کے علاوہ لوزان، زیورخ اور جنیوا کے طبی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔ والیس کینٹون حکومت کے صدر میتھیاس رینارڈ نے کہا کہ بعض زخمیوں کو بعد میں بیرونِ ملک اسپتالوں میں بھی منتقل کیا جا سکتا ہے۔

مقامی میڈیا نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ یہ شدید آگ نئے سال کی شب کرانس مونٹانا کے مرکزی علاقے میں واقع ایک بار میں لگی۔ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ڈیڑھ بجے خطرے کی اطلاع دی گئی، جس کے بعد مختلف کینٹنز سے درجنوں ایمبولینسیں اور متعدد ہیلی کاپٹر روانہ کیے گئے۔

سوئس کنفیڈریشن کے صدر گائے پارملین نے اس واقعے کو ملک کی تاریخ کے بدترین سانحات میں سے ایک بتایا ہے۔انہوں نے کہا، “حکومت تمام متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔”

پارملین نے مزید بتایا کہ فیڈرل پیلس پر پانچ دن تک قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور اس بات پر زور دیا کہ آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام ضروری ہے۔

والیس کینٹن کی اٹارنی جنرل بیٹریس پیلود نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے میں ابھی وقت لگے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت بار میں موجود افراد کی درست تعداد تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں