نئی دہلی، 3 اکتوبر (یو این آئی) قومی سلامتی قانون (این ایس اے) کے تحت گرفتار سونم وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی جے. انگمو نے ان کی رہائی کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔
محترمہ انگمو نے آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت جمعرات کے روز عرضی دائر کی جس میں انہوں نےاپنے شوہر کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
انہوں نے اپنی عرضی میں اپنے شوہر پر’ این ایس اے‘ لگانے پر سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی ’’گرفتاری غیر قانونی اور ضابطوں کی خلاف ورزی ہے۔‘‘ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد سے ان کا اپنے شوہر سے کوئی رابطہ نہیں ہو پایا۔
قابل ذکر ہے کہ وانگچک اس وقت راجستھان کی جودھپور سینٹرل جیل میں بند ہیں۔ لداخ کو الگ ریاستی درجہ دینے کے مطالبے کے دوران ہوئے احتجاج کے بعد انہیں 26 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس مظاہرے کے دوران ہوئےتشدد میں چار افراد کی موت ہو گئی تھی۔
دسہرہ کی چھٹیوں کے باعث اس وقت عدالت عظمیٰ میں تعطیل ہے۔ چھ اکتوبر کوعدالتی کام کاج شروع ہونے کے بعد اس معاملے میں عدالتی کارروائی شروع ہو سکتی ہے۔
0
