سری نگر،6اکتوبر(یو این آئی)جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف جاری اپنی مہم کے دوران گاندربل، بڈگام اور پلوامہ میں تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے نشہ آور مواد برآمد کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس نے ہندواڑہ میں منشیات کے اڈوں پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارے ۔
پولیس کے مطابق گاندربل میں ریاض احمد خان ولد محمد اشرف خان کو اولڈ اکھل پل کے نزدیک گشت کے دوران مشکوک حالت میں روکا گیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے چرس نما مادہ برآمد ہوا جس کے بعد اس کے خلاف کیس درج کیا گیا۔
بڈگام پولیس نے گوری پورہ کے نزدیک فیا ض احمد شیخ ولد عبد الرحمن شیخ ساکن بینڈگام کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے پانچ گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔
اسی طرح پلوامہ میں، پولیس کی ایک ٹیم نے سرکولر روڈ کے نزدیک پائر کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص نثار احمد گنائی ولد عبد الاحد گنائی ساکن ٹہاب کو گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے ایک بیگ میں چھ کلوگرام چرس نما مادہ برآمد کیا گیا۔ تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
دریں اثنا، پولیس نے ہندواڑہ میں مختلف مقامات پر منشیات کے اڈوں پر خصوصی چھاپے مارے ۔ یہ کارروائیاں سینئر افسران کی نگرانی میں انجام دی گئیں اور ان میں ایسے مقامات کو نشانہ بنایا گیا جو منشیات کی سرگرمیوں کے لئے استعمال ہورہے تھے۔
پولیس نے کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
0
