سری نگر،2 جنوری (یو این آئی) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعہ کے روز دہلی میں 10 نومبر کو لال قلعہ کے نزدیک ہوئے دھماکے کی تحقیقات کے سلسلے میں جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں اہم تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں این آئی اے اہلکاروں نے جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی مدد سے انجام دیں۔
ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کے دوران این آئی اے ٹیم اپنے ساتھ یاسر احمد ڈار نامی گرفتار ملزم کو بھی لے کر گئی تھی۔ ڈار اس کیس میں نواں گرفتار ملزم ہے اور مبینہ طور پر ’وائٹ کالر‘ نوعیت کے دہشت گردانہ ماڈیول سے وابستہ پایا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ چھاپے شوپیاں کے پادپاون علاقے اور پلوامہ کے پامپور میں ڈالے گئے، جہاں ملزم نے کچھ ممکنہ ٹھکانوں اور ذخیرہ شدہ مواد کی نشاندہی کی تھی۔ تلاشی کے دوران بعض اہم شواہد کی تلاش جاری رہی، جبکہ مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر احمد ڈار نے پوچھ گچھ کے دوران متعدد مقامات کی نشاندہی کی تھی جنہیں تفتیش کے لیے حساس سمجھا جا رہا ہے۔ این آئی اے کی جانب سے کشمیر اور دہلی کو جوڑنے والی اس سازش کی تہہ تک پہنچنے کے لیے تفتیشی کارروائیاں مزید تیز کیے جانے کا امکان ہے۔
0
