0

لداخ اور کرگل ہندوستان کی روح ہیں ، قوم اور سرحدی علاقوں کا رشتہ اٹوٹ قرار: لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا

پونے ، 12 جنوری (یو این آئی) لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے پیر کے روز کہا کہ لداخ اور کرگل صرف ہندستان کے سرحدی علاقے نہیں بلکہ ملک کی روح ہیں، اور ان کا ہندستان کے باقی حصوں سے رشتہ اٹوٹ اور لازوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ لداخ میں رہنے والا فرد اکیلا نہیں ہوتا بلکہ پوری قوم اس کے اندر بستی ہے۔
وہ پونے میں سرحد تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ لداخ فیسٹیول اور کرگل گورو نیشنل ایوارڈ 2025 کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ان کے ہاتھوں کرگل گورو نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اسٹیج پر موجود معزز شخصیات میں پونے کے ڈویژنل کمشنر چندرکانت پلکندوار، لداخ کی فرسٹ لیڈی بندو گپتا، سرحد کے بانی صدر سنجے نہار، سمتا سشما نہار، ارہم انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر شیلش پگاریا اور سمواد فاؤنڈیشن کے سنجیو شاہ شامل تھے۔
ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں کاسموس بینک کے چیئرمین ڈاکٹر پرلہاد کوکرے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) ششی کانت پترے، کیسری ٹورز کے ڈائریکٹر ژیلم چوبل، سینئر صحافی راجیو سباڈے، سینئر آرکیٹیکٹ دلیپ کالے، سماجی کارکن راج دیشمکھ، نربھئے بھارت فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ترون اتپل اور چیف منسٹر میڈیکل سیل کے سربراہ منگیش چیوٹے شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا کو خصوصی اعزاز کے طور پر روایتی پونیری پگڑی، شال اور چھترپتی شیواجی مہاراج کی تصویر پیش کی گئی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شدید سردیوں کے باوجود لداخ ہندستان سے جذباتی طور پر جڑا ہوا ہے۔ سرحدی علاقوں میں تعلیم اور کھیل کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں اور سرحد جیسی تنظیموں کا کردار قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا دورہ کرگل تھا جہاں انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی صرف سرحدوں پر ہی نہیں بلکہ عوامی شمولیت سے بھی یقینی بنتی ہے اور کرگل جنگ کے دوران مقامی عوام کی بے لوث مدد ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مسلح افواج کا حوصلہ بلند ہوا ہے، سرحدی انفراسٹرکچر بہتر ہوا ہے اور لداخ و کرگل کو اب صرف سیکورٹی نہیں بلکہ وقار اور ترقی کے زاویے سے دیکھا جا رہا ہے۔
ڈویژنل کمشنر چندرکانت پلکندوار نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ قومی فخر کی علامت ہیں۔ انہوں نے سرحد کی مسلسل خدمات کو سراہا اور دہشت گردی کو انسانیت کا دشمن قرار دیا۔ سرحد تنظیم کے بانی سنجے نہار نے تنظیم کے سفر کا جائزہ پیش کرتے ہوئے پونے میں لداخ بھون، کرگل بھون اور ’’منی کشمیر‘‘ کے قیام کا اعلان کیا۔
ثقافتی پروگرام میں کشمیری نوجوان شمیمہ اختر کی دل موہ لینے والی پیشکشوں اور جموں و کشمیر و لداخ کے روایتی رقص کو زبردست پذیرائی ملی۔ تقریب کے اختتام پر سرحد کے ٹرسٹی شیلش واڈیکر نے شکریہ ادا کیا۔ کاویندر گپتا نے پونے کو تعلیم و ثقافت کے ساتھ ساتھ قوم سازی کی تجربہ گاہ قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں