لہیہ،7 اکتوبر(یو این آئی) لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ انتظامیہ خطے میں امن و امان کے قیام، عوامی فلاح و بہبود، اور پائیدار و جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ لداخ کو ایک خودکفیل، پُرامن اور ترقی یافتہ خطہ بنانے کے لیے عوامی تعاون اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل نہایت ضروری ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر گپتا نے منگل کو لیہہ میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں لداخ کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے دوران قانون و نظم، ضروری خدمات، اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلۂ خیال ہوا۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کی ہم آہنگ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہی کے موثر تعاون سے خطے میں ہم آہنگی اور معمولاتِ زندگی بحال رکھنے میں مدد ملی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے موجودہ مثبت عوامی ردعمل اور بہتر ہوتی صورتحال کے پیش نظر حکام کو ہدایت دی کہ کچھ پابندیوں میں مرحلہ وار نرمی لائی جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے، تاہم امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو عوام دوست طرزِ حکمرانی اپنانا ہوگا، اور افسران کو چاہیے کہ وہ مقامی آبادی سے قریبی رابطہ رکھیں، عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کریں اور زمینی پر مسائل کا حل تلاش کریں۔
کویندر گپتا نے لداخ کے عوام کے حوصلے، صبر اور انتظامیہ پر اعتماد کو سراہا اور کہا کہ حکومت عوام کے مفادات کے تحفظ، ان کی زندگی کے معیار میں بہتری، اور ترقی کے ثمرات کو ہر طبقے تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ لداخ کے عوام ہمیشہ امن، بھائی چارے اور تعاون کی راہ اختیار کریں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انتظامیہ عوام کے جائز خدشات کو شفافیت اور مسلسل مکالمے کے ذریعے دور کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن، ترقی اور عوامی بہبود لداخ انتظامیہ کی پالیسی کے بنیادی ستون ہیں اور ان ہی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر لداخ کو ایک خوشحال، مضبوط اور خود انحصار علاقہ بنایا جائے گا۔
0
