0

محمد نواز کا ٹی ٹونٹی کرکٹ ریکارڈ شاہد آفریدی کے پاس بھی نہیں

لاہور 30 اکتوبر (یو این آئی ) پاکستانی ٹیم کے تجربہ کار آل رائونڈر محمد نواز نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ایسا اعزاز اپنے نام کرلیا جو شاہد آفریدی کے پاس بھی نہیں ہے۔
31 سالہ محمد نواز نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پہلے شاندار باولنگ سپیل میں 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور بعد میں پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیتے ہوئے 36 رنز بھی اسکور کیے۔
یہ پاکستان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں چھٹا موقع تھا جب ایک کھلاڑی نے میچ میں 3 وکٹیں لینے کے لیے ساتھ ساتھ 30 سے زیادہ رنز بھی اسکور کیے۔
سب سے پہلے سابق آل رائونڈر عبدالرزاق نے 2010ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف 13 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے کے بعد 34 ناٹ آئوٹ رنز سکور کیے تھے۔
ان کے علاوہ محمد حفیظ نے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر میں چار مرتبہ میچ میں 3 وکٹیں لینے کے لیے ساتھ ساتھ 30 سے زیادہ رنز بھی اسکور کیے۔
محمد حفیظ نے 2011ء میں زمبابوے کیخلاف 10 رنز دیکر 4 وکٹیں لینے کے بعد 71 رنز بنائے اور سال ایک بار پھر زمبابوے کیخلاف ہی 11 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے کے لیے 51 رنز بھی سکور کیے، انہوں نے 2013ء میں جنوبی افریقہ کیخلاف 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں اور 86 رنز سکور کیے اور پھر زمبابوے کیخلاف اسی سال 30 رنز دیکر 3 وکٹیں لینے کے بعد 54 ناٹ آئوٹ رنز بھی بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں