سرینگر//23مارچ/ مرکزی داخلہ سیکریٹری گووند موہن نے جموں و کشمیر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور جموں و کشمیر پولیس کی مالی پوزیشن کا اعلیٰ سطحی جائزہ لیا۔ یہ اہم اجلاس ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نئی دہلی سے منعقد ہوا۔اجلاس میں موجودہ مالی سال 2025-26کے اخراجات اور آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے جے کے پولیس کی ضروریات پر تفصیلی غور کیا گیا۔یو این ایس کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں چیف سیکریٹری اٹل ڈلو، یو ٹی کے ہوم سیکریٹری چندرکر بھارتی، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات، پولیس ہیڈکوارٹرز کے اعلیٰ افسران اور جموں و کشمیر کے مختلف زونز کے آئی جی پیز نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال، خصوصاً پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کو مزید تیز کرنے اور ان کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا۔یہ جائزہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہوا جب سکیورٹی فورسز نے بالائی علاقوں میں تلاشی کارروائیوں میں تیزی لائی ہے تاکہ چھپے ہوئے دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔اجلاس میں گزشتہ ماہ ضلع کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں جیش محمد کے کمانڈر سیف اللہ سمیت چار دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے اوور گراو ¿نڈ ورکرز نیٹ ورک کو ختم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، کیونکہ اس نیٹ ورک کے خاتمے سے دہشت گردوں کی سرگرمیاں محدود ہو جائیں گی۔اجلاس میں فوج، نیم فوجی دستوں اور جے کے پولیس کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ اسپیشل آپریشنز گروپ کی تعیناتی اور کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔مالی امور کے حوالے سے جے کے پولیس کے بجٹ اخراجات اور آئندہ مالی سال کے تقاضوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جے کے پولیس کی مزید جدید کاری اور وسائل میں اضافے پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں امیت شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے پہلے لیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
0
