نئی دہلی 26 مارچ (یو این آئی) مغربی ایشیا کے بحران کی وجہ سے دنیا بھر میں پیدا ہوئی غیر یقینی صورتحال کے درمیان وزیراعظم نریندر مودی جمعہ کو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ موجودہ صورتحال اور اس کے اثرات سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہونے والی اس میٹنگ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی وجہ سے ان ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ شامل نہیں ہوں گے جہاں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
مغربی ایشیا کی صورتحال کے پیش نظر پیدا ہوئے حالات کے درمیان اس میٹنگ کو ریاستوں کے ساتھ تال میل بڑھانے اور انہیں اعتماد میں لینے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ میٹنگ میں خاص طور پر توانائی (انرجی) کی سپلائی کے حوالے سے ریاستوں کو موجودہ صورتحال، ہندوستان میں توانائی کی صورتحال اور اس بحران کے اثرات کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔
مسٹر مودی اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور مستقبل کی تیاریوں پر بھی بات کریں گے۔ ریاستوں کو بھی اپنی بات کہنے اور مرکز کو اپنے مسائل سے آگاہ کرنے کا موقع ملے گا۔
میٹنگ میں ریاستوں کو افواہوں سے بچنے اور لوگوں کو بیدار کرنے کے بارے میں بھی کہا جائے گا۔ جن ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں، ان سے کیبنٹ سکریٹریٹ کے ذریعے بات چیت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مسٹر مودی نے کورونا وبا کے دوران بھی تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کئی دور کی بات چیت کی تھی۔
0
