0

منوج سنہا نے جموں و کشمیر اسمبلی کا بجٹ اجلاس 2 فروری سے طلب کر لیا

پہلے روز لیفٹیننٹ گورنر کا خطاب، وزیراعلیٰ عمر عبداللہ فروری کے اوائل میں دوسرا بجٹ پیش کریں گے

سری نگر3 جنوری (عقاب نیوز ڈسک)
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یونین ٹیریٹری کی قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر، 2 فروری 2026 سے طلب کر لیا ہے۔ اجلاس جموں میں منعقد ہوگا اور اس کا آغاز لیفٹیننٹ گورنر کے روایتی خطاب سے ہوگا۔

اسمبلی اجلاس طلب کرنے کا یہ حکم جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن ایکٹ 2019 کے تحت حاصل آئینی اختیارات کے استعمال کے ذریعے جاری کیا گیا ہے۔ سمن کے مطابق اسمبلی کا اجلاس 2 فروری کو صبح 10 بجے جموں میں شروع ہوگا۔

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے:
“میں، منوج سنہا، لیفٹیننٹ گورنر یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر، ری آرگنائزیشن ایکٹ 2019 کی دفعہ 18(1) کے تحت قانون ساز اسمبلی کو پیر، 2 فروری 2026 کو صبح 10 بجے جموں میں اجلاس کے لیے طلب کرتا ہوں۔”

ذرائع کے مطابق کونسل آف منسٹرز نے بجٹ اجلاس طلب کرنے کی سفارش لیفٹیننٹ گورنر کو پیش کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا۔

اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری علیحدہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ری آرگنائزیشن ایکٹ 2019 کی دفعہ 21(1) کے تحت تمام معزز اراکین اسمبلی کو جموں میں واقع قانون ساز اسمبلی کمپلیکس میں 2 فروری کو صبح 10 بجے لیفٹیننٹ گورنر کا خطاب سننے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر ایوان میں بحث کے اختتام کے بعد وزیراعلیٰ عمر عبداللہ، جو محکمہ خزانہ کا قلمدان بھی سنبھالے ہوئے ہیں، فروری کے پہلے ہفتے میں یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کا دوسرا بجٹ اسمبلی میں پیش کریں گے۔

سیاسی و سرکاری حلقوں کے مطابق یہ بجٹ اجلاس خاص اہمیت کا حامل ہوگا، جس میں مالی ترجیحات، ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اسکیموں اور آئندہ مالی سال کی پالیسیوں سے متعلق اہم اعلانات متوقع ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں