0

وادی کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، بالائی علاقوں میں تازہ برفباری

درجہ حرارت میں کمی، 20 مارچ تک غیر مستحکم موسم کی پیشگوئی
موسمی تغیرات سے نظامِ زندگی متاثر، کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

سرینگر//18 مارچ/ وادی کشمیر میں جاری موسمی سلسلے کے دوران بالائی علاقوں میں تازہ برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں نے موسم کو مزید سرد بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع شوپیاں کے مغل روڈ پر واقع پیر کی گلی اور سونہ مرگ سمیت کئی اونچائی والے علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ وادی کے بیشتر پہاڑی سلسلے بدستور برف کی چادر میں ڈھکے ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ اتوار سے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سرینگرسمیت میدانی علاقوں میں بدھ کے روز وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔یو این ایس کے مطابق معروف سیاحتی مقام دودھ پتھری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری کے بعد بیشتر علاقے بدستور برف کی چادر میں ڈھکے ہوئے ہیں، جبکہ اتوار سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ادھر سرینگرسمیت میدانی علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، جس کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ حکام کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال کے باعث دن کے اوقات میں سردی میں اضافہ جبکہ راتوں میں نسبتاً نرمی دیکھنے کو مل رہی ہے، جس کی بنیادی وجہ بادلوں کی موجودگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ موسمی تبدیلی نے گزشتہ ہفتوں کے دوران جاری غیر معمولی گرم موسم کے سلسلے کو ختم کر دیا ہے اور وادی میں درجہ حرارت معمول کی سطح کی جانب واپس آ رہا ہے۔ حکام نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے اور سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے کم ہے۔ وادی کے دیگر موسمی مراکز پر بھی درجہ حرارت معمول سے نیچے درج کیا گیا۔گزشتہ چند دنوں کے دوران بادلوں کی موجودگی کے باعث دن کے اوقات میں سردی جبکہ راتوں میں نسبتاً معتدل موسم محسوس کیا جا رہا ہے، جس نے گزشتہ ہفتوں کے غیر معمولی گرم رجحان کو توڑ دیا ہے۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 20 مارچ تک موسم غیر مستحکم رہے گا اور کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔ چناب وادی اور جنوبی کشمیر کے بعض بالائی علاقوں میں کہیں کہیں درمیانی سے شدید برفباری بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ نے مزید کہا کہ 26 سے 28 مارچ کے دوران ایک اور موسمی سلسلہ متوقع ہے، جس کے تحت بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔ اس دوران چند مقامات پر 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 20 مارچ تک زرعی سرگرمیاں مو ¿خر رکھیں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔اس دوران تازہ برفباری کے باعث عارضی طور بند کی گئی مغل روڈ کو بدھ کے روز ہلکی موٹر گاڑیوں کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ہے، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک کی بحالی موسمی صورتحال سے مشروط رہے گی۔ایس ایس پی ٹریفک رورل فاروق قیصرکے مطابق ٹریفک کی آمد و رفت کا انحصار پیر کی گلی میں موسم کی بہتری پر ہوگا، جہاں حالیہ برفباری کے باعث سڑک پر پھسلن اور دشواریاں پیدا ہو گئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ ایڈوائزری کے تحت گاڑیوں کی آمد و رفت کو صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک محدود رکھا گیا ہے اور اس دوران بھی ٹریفک کو منظم طریقے سے چلایا جائے گا۔حکام نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر کے دوران احتیاط برتیں، رفتار کو قابو میں رکھیں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔واضح رہے کہ مغل روڈ وادی کشمیر کو جموں خطے سے جوڑنے والی ایک اہم شاہراہ ہے، جو برفباری کے دوران اکثر متاثر رہتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں