0

وسطی ٹیکساس میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 49 ہوئی

ہیوسٹن، 6 جولائی (یو این آئی) وسطی ٹیکساس میں زبردست سیلاب میں کم از کم 49 افراد کی موت اور متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں کئی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں مقامی افسران نے ہفتے کے روز بتایا کہ جمعہ کی صبح کیر کاؤنٹی میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے آئے سیلاب میں 28 بالغوں اور 15 بچوں سمیت کم از کم 43 افراد ہلاک ہو گئے کاؤنٹی شیرف لیری لیتھا نے ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ کیر وِلے شہر کے مینیجر ڈالٹن رائس نے کہا کہ 27 دیگر بچے اب بھی لاپتہ ہیں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق کیمپ مسٹک سے ہے۔ یہ دریائے گواڈیلوپ کے کنارے عیسائیوں کا ایک نجی سمر کیمپ ہے۔ اس کیمپ میں ہر سال عموماً تقریباً 750 بچے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دن بھر ان کیمپوں سے سینکڑوں لوگوں کو بچاتے رہے ہیں۔ مقامی نشریاتی ادارے کے ایکس اے او -ٹی وی نے کاؤنٹی جج اینڈی براؤن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریوس کاؤنٹی میں چار افراد ہلاک اور 13 دیگر لاپتہ ہیں۔ برنیٹ کاؤنٹی میں ہفتے کی سہ پہر تک بچاؤ مہم جاری تھی۔ شیرف کے دفتر نے دو اموات کی تصدیق کی اور کہا کہ دو دیگر لاپتہ ہیں۔ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ہفتے کے روز وسطی ٹیکساس میں مزید چھ کاؤنٹیز کو شامل کرنے کے لیے تباہی کے ایک توسیعی اعلامیے پر دستخط کیے، جس سے سیلاب سے متاثرہ کاؤنٹیوں کی کل تعداد 20 ہو گئی۔امریکہ کے نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) کے مطابق جمعہ کے روز کیر کاؤنٹی میں دریائے گواڈیلوپ میں پانی کی سطح صبح محض تین گھنٹوں کے دوران 7.5 فٹ (2.3 میٹر) سے بڑھ کر 29.5 فٹ (9 میٹر) ہو گئی، جو کہ ریکارڈ پر دوسری سب بلند سطح پر پہنچ گئی۔ ٹیکساس ڈویژن آف ایمرجنسی مینجمنٹ کے سربراہ نِم کِڈ نے جمعہ کے روز کہا کہ محکمہ موسمیات کی پہلے کی پیشگوئی میں علاقے میں تباہ کن سیلاب کا سبب بننے والی بارش کا اندازہ کم لگایا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں