سری نگر،11نومبر(یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے منگل کو ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر خود کو اسپیشل آپریشن گروپ کا اہلکار ظاہر کرکے عام شہریوں سے پیسے وصول کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق، ملزم کی شناخت الطاف احمد ڈار ولد اسداللہ ڈار ساکن مارول کاکہ پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم خود کو ایس او جی سری نگر کا پولیس افسر ظاہر کرتا تھا اور مقامی لوگوں کو دھمکیاں دے کر ان سے رقوم اینٹھ رہا تھا۔ اس حوالے سے کئی متاثرہ شہریوں نے پولیس کو شکایات درج کرائی تھیں، جن کی بنیاد پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تحقیقات کے دوران کئی افراد نے بیان دیا ہے کہ انہیں اس جعلی افسر نے نہ صرف دھمکایا بلکہ ان سے نقد رقم بھی وصول کی۔ پولیس ان تمام بیانات کو ریکارڈ کر کے مزید متاثرین کی نشاندہی کر رہی ہے۔
پولیس ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے کو دیں تاکہ عوامی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس عوام کو ایسے جعلساز عناصر سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے یا جعلی اختیارات کے تحت کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، پولیس اس بات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ آیا ملزم کے کسی دیگر غیر قانونی نیٹ ورک یا گروہ سے روابط تو نہیں ہیں۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید گرفتاریاں ممکن ہیں۔
0
