سری نگر،6 نومبر(یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نالین پربھات (آئی پی ایس (نے جمعرات کی شام پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں وادی کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور انٹیلی جنس گرڈ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور و خوض کیا گیا۔
میٹنگ میں اسپیشل ڈی جی کوآرڈی نیشن ایس جے ایم گیلانی، آئی جی وی کے بردی، آئی جی سی آر پی ایف (کشمیر آپریشنز سیکٹر)، آئی جی سی آر پی ایف سرینگر سیکٹر کے علاوہ جموں و کشمیر کے تمام رینج ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ایس ایس بی سرینگر، سی آر پی ایف کے جنوبی و شمالی سرینگر کے ڈی آئی جیز، تمام اضلاع کے ایس ایس پیز، ایس ایس پی پی سی آر کشمیر، ایس پی پولیس کمپوننٹ سرینگر اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
میٹنگ کے آغاز میں متعلقہ افسران نے اپنے اپنے اضلاع کی موجودہ سیکورٹی صورتِ حال، آپریشنل تیاریوں اور انسدادِ دہشت گردی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
ڈی جی پی نالین پربھات نے مجموعی سیکیورٹی نظام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ بین ادارہ ہم آہنگی کو بہتر بنایا جائے، جدید نگرانی کے نظام کو وسعت دی جائے، اور فیلڈ میں پیشگی اور فعال حکمتِ عملی اپنائی جائے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ اسٹریٹیجک اور حساس مقامات پر اچانک اور متحرک ناکے قائم کیے جائیں تاکہ علاقے میں ڈومیننس اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے انسداد کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی جی پی نالین پربھات نے یہ بھی کہا کہ مواصلاتی نظام کی جدید کاری اور اپ گریڈیشن لازمی ہے تاکہ تمام سطحوں پر بلا رکاوٹ اور محفوظ رابطہ برقرار رکھا جا سکے۔
میٹنگ کے اختتام پر ڈی جی پی نے افسران پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ دیانت، عوام دوست رویہ اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں۔
انہوں نے کہا، ’پولیس فورس کو ہمہ وقت متحرک، چوکس اور عوام کے تعاون سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔‘
0
