جموں،15جنوری(یو این آئی) جموں و کشمیر کے پونچھ اور سانبہ اضلاع میں جمعرات کی شام پاکستانی ڈرون سرگرمیوں نے سرحدی سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا، جس کے بعد فوج اور دیگر فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف فائرنگ کی بلکہ پورے بارڈر بیلٹ میں نگرانی کا دائرہ بھی مزید سخت کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پونچھ کے دیگوار سیکٹر میں مستعد فوجی دستوں نے شام کے وقت ایک مشکوک ڈرون کو کئی منٹ تک فضاء میں منڈلاتے ہوئے دیکھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون نہایت کم بلندی پر اڑ رہا تھا جس کا مقصد مبینہ طور پربی ایس ایف چوکیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا یا پھر ممنوعہ سامان کی ڈراپنگ بھی ہو سکتی تھی۔ فوج نے فوراً ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈرون کی طرف متعدد راؤنڈ فائر کیے جس کے بعد وہ پاکستانی جانب واپس لوٹ گیا۔
اسی دوران ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر بھی ڈرون کی پرواز نوٹ کی گئی۔ پہلے مشاہدہ سانبہ کے مرکزی بیلٹ میں ہوا، جب ایک ڈرون کوفضا میں اڑتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس پر فورسز نے فیلڈ یونٹس کو الرٹ جاری کیا۔ کچھ ہی دیر بعد رام گڑھ سیکٹر سے دوسری ڈرون سرگرمی رپورٹ ہوئی جس نے سیکیورٹی ایجنسیوں کو مزید چوکس کر دیا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق دونوں مقامات پر فورسز نے فوری طور پر ایریا ڈومینیشن آپریشنز شروع کیے، گشت بڑھایا اور تھرمل امیجنگ سمیت جدید سرویلنس آلات کو فعال کرکےبی ایس ایف کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے دوران سرحدوں پر ڈرون سرگرمی میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جو ممکنہ طور پر اسمگلنگ نیٹ ورکس، ہتھیاروں کی ترسیل یا جاسوسی مقاصد سے جڑی ہو سکتی ہیں۔ اس کے پیشِ نظر سیکیورٹی اداروں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی غیر معمولی حرکت کو فوراً رپورٹ کریں اور زمین و فضاء دونوں سطحوں پر نگرانی کو مزید سخت رکھا جائے۔
فورسز نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر وہ سرحدی علاقوں میں کوئی مشکوک حرکت دیکھیں تو فوری طور پر متعلقہ پولیس یا فوجی یونٹ کو مطلع کریں، تاکہ دشمن کی کسی بھی سرگرمی کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔
سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے، جبکہ تمام سرحدی سیکٹرز میں ہائی الرٹ برقرار ہے۔
0
