جموںِ 28 دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک ایک زنگ آلود مارٹر شیل برآمد ہونے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دھماکہ خیز مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق، حویلی تحصیل کے فارورڈ گاؤں بندی چیچیاں میں کچھ مقامی رہائشیوں نے ایک مشتبہ شیل دیکھا جس کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور علاقے کو احتیاطی طور پر سیل کر دیا۔
بعد ازاں فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر شیل کا معائنہ کیا اور اسے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مارٹر شیل پر زنگ آلودگی کے آثار تھے اور ابتدائی طور پر اسے پرانا اور ناکارہ سمجھا جا رہا ہے، تاہم اس کی اصل نوعیت جاننے کے لیے مزید جانچ کی جا رہی ہے.
0
