0

پونچھ میں منشیات فروش کی 1.11 کروڑ روپیے مالیت کی جائیداد ضبط:پولیس

جموں، 14 نومبر (یو این آئی) منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مہم کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے ضلع پونچھ میں ایک منشیات فروش کی 1 کروڑ روپیے سے زیادہ مالیت کی جائیداد ضبط کر دی۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس اسٹیشن پونچھ میں این ڈی پی ایس کی متعلقہ دفعات اور بی این ایس کی دفعہ 111 کے تحت درج ایف آئی آر نمبر178/2025 کے سلسلے میں محمد اقبال ولد غلام نبی ساکن کمسار کی جائیداد ضبط کر دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ جائیداد جو اس کی اہلیہ شہناز کوثر کے نام درج ہے، میں ایک تین منزلہ بلڈنگ شامل ہے جو خسرہ نمبر293 کے تحت 10 مرلہ رقبے پرکمسار میں واقع ہےجس کی تخمیناً مالیت1.11 کروڑ روپیے بتائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس اہم کارروائی کا مقصد منشیات کے دھندے کی مالی بنیادوں پر ضرب لگانا ہے اور یہ پیغام دینا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو سخت قانونی اور مالی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس ضلع سے منشیات کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے لوگوں سے منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں پولیس کو مطلع کرنے کی اپیل کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں