سری نگر،9 اکتوبر(یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے ترجمانِ اعلیٰ اور ایم ایل اے زڈی بل تنویر صادق نے اپوزیشن جماعتوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی پی، بی جے پی اور ان کی حلیف جماعتیں ایک ہی اسکرپٹ پر کام کر رہی ہیں اور ان سب کا ڈکٹیشن ایک ہی جگہ سے آتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر کے عوام سے جو وعدے کیے ہیں، اُنہیں پورا کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن میں بھی سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کی جانب سے اسمبلی میں ‘لینڈر گرانٹس (بحالی و تحفظ) بل’ پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد 2022 میں کی گئی ترامیم کو کالعدم قرار دے کر 1960 کے اصل قانون کو بحال کرنا ہے تاکہ مقامی لیز ہولڈروں کو ان کی زمینوں پر لیز کی توسیع کا حق دوبارہ دیا جا سکے۔
تنویر صادق نے کہا،’میں نے خود ایک پرائیویٹ ممبر بل اسمبلی میں جمع کروایا ہے، جس کا مقصد عام لوگوں، تاجروں اور غریب طبقے کو ریلیف دینا ہے۔ اس بل کے ذریعے ہم چاہتے ہیں کہ اُن لوگوں کی لیز میں توسیع کی جائے جنہیں پچھلے برسوں میں زمینوں سے محروم کر دیا گیا۔’
0
