0

کشمیر میں 20 جنوری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں

سری نگر،یکم جنوری (یو این آئی) وادی کشمیر میں برف وباراں کے مختصر مرحلے کے بعد محکمہ موسمیات نے 20 جنوری تک موسم میں کسی بڑے پیمانے کی تبدیلی کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔
محکمے کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سادھنا پاس پر 6 انچ، گریز اور تلیل میں 8 سے 12 انچ، سونہ مرگ – زوجیلا پر 5 سے8 انچ،گلمرگ میں 2 انچ، مغل روڈ اور سنتھن ٹاپ پر2 سے 4 انچ اور پہلگام کے بالائی علاقوں میں 2 انچ برف جمع ہوئی ہے جبکہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئی ہیں۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یکم جنوری کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کشمیر اور جموں صوبوں کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 سے 5 جنوری تک موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس کے بعد 6 جنوری کو شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد 7 سے 15 جنوری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 20 جنوری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک اور انتظامیہ کے مشوروں پر سختی سے عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں اگلے تین دنوں کے دوران درمیانی درجے کی دھند جاری رہ سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں