سری نگر، 9 دسمبر (یو این آئی) وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے 20 دسمبر تک موسم میں وسیع پیمانے پر کسی تبدیلی کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 9 دسمبر کو موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 سے 12 دسمبر تک بھی وادی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد میں ایک کمزور مغربی ہوا کے داخل ہونے سے 13 دسمبر سے 15 دسمبر تک مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ شام یا صبح کے وقت شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 16 سے 19 دسمبر تک موسم ایک بار موسم جزوی ابر آلود جبکہ 20 دسمبر کو مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 21 اور 22 دسمبر کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ اس دوران کشمیر کے علاقوں میں درمیانی سے ہلکے درجے کی دھند چھائی رہ سکتی ہے جبکہ صوبہ جموں میں بھی کہیں کہیں اس طرح کی صورتحال متوقع ہے۔
0
