0

کشمیر میں چلہ کلاں کے چوتھے دن موسم خشک، گلمرگ سرد ترین جگہ

سری نگر، 24 دسمبر (یو این آئی) وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کےلئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں کے چوتھے روز بدھ کو موسم مجموعی طور پر نہ صرف خشک رہا بلکہ صبح سے ہی ہلکی دھوپ چھائی رہی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 28 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 24 سے 28 دسمبر تک موسم جزوی ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 29 دسمبر کو موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ کچھ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 30 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ میدانی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کچھ مقامات پر ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں وادی میں 2 سے 5 جنوری تک موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں سے ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے جاری ایڈوائزریز پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں اگلے 4 دنوں کے دوران درمیانی سے گھنی دھند چھائی رہ سکتی ہے۔
دریں اثنا وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں 28 نومبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب شبانہ درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گرید جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں گلمرگ جبکہ صوبہ جموں میں بھدرواہ سرد ترین مقامات رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وادی میں سخت سردیوں کے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں مسند اقتدار پر براجمان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں