سری نگر،4 اکتوبر(یو این آئی) جنوبی ضلع کولگام کی خصوصی عدالت نے ضلع میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ایک مطلوب دہشت گرد کے خلاف دفعہ 84 بی این ایس ایس کے تحت اشتہاری اعلان جاری کیا ہے۔
یہ اعلان ذاکر احمد گنائی ولد غلام محی الدین گنائی ساکن متلحامہ، کلگام کے خلاف جاری کیا گیا ہے، جو کافی عرصے سے غیر قانونی اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرم رہا ہے۔ وہ پولیس اسٹیشن کولگام میں درج ایف آئی آر نمبر 200/2023 میں نامزد ہے، جس میں یو اے پی اے کی دفعات 13، 16، 18بی، 20 اور 38 شامل ہیں۔
عدالت نے ملزم کو 30 روز کے اندراندر مجاز اتھارٹی کے سامنے خودسپردگی کی مہلت دی ہے۔ بصورت دیگر اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل عدالت نے ملزم کے خلاف کھلا ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیا تھا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ عدالت کی ہدایت پر ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹرز کولگام کی قیادت میں پولیس ٹیم نے گنائی کے آبائی مکان اور گاؤں کے دیگر نمایاں مقامات پر اشتہاری حکم نامہ چسپاں کیا تاکہ اس کی وسیع پیمانے پر تشہیرکو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی انسداد دہشت گردی مہم میں ایک اور اہم قدم ہے، جس کا مقصد مفرور دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا اور ضلع میں دہشت گردی کے ڈھانچے کو توڑنا ہے۔
0
