سری نگر،16جنوری(یو این آئی) کپوارہ پولیس نے چوری کے ایک کیس کو حل کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے مسروقہ سامان بھی برآمد کیا ہے۔
پولیس کے مطابق 10 جنوری کو حجاج مارکیٹ میں چوری/ڈکیتی کی واردات کی اطلاع موصول ہوتے ہی متعلقہ پولیس اسٹیشن میں فوری طور پر ایف آئی آر درج کی گئی۔ تفتیش کو آگے بڑھانے کے لیے ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر مبشر نیاز کی قیادت میں متعدد پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
تحقیقات کے دوران مختلف مقامات سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے باریک بینی سے جانچ کی گئی، جس سے اہم سراغ ملے۔ انہی شواہد کی بنیاد پر ایک مشتبہ شخص اختر احمد میر ولد غلام محمد میر ساکن درگمولہ کو گرفتار کیا گیا۔ اس کی نشاندہی پر دو مزید ساتھیوں کو بھی حراست میں لیا گیا جن کی شناخت شوکت احمد میر ولد علی محمد میر ساکن درگمولہ اور ایک دیگر ملزم (نام تحقیقات کی وجہ سے فی الحال مخفی رکھا گیا ہے) کے طور پر ہوئی ہے۔
بعد ازاں ملزمان کے گھروں سے مسروقہ سامان برآمد کیا گیا جن میں نقدی، خشک میوہ جات اور تیار شدہ کپڑے (جینز اور جیکٹس) شامل ہیں۔ اس واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا ملزمان دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں یا نہیں۔
0
