واشنگٹن، 7 جنوری (یو این آئی) وائٹ ہاؤس نے اعتراف کیا ہے کہ گرین لینڈ کے حصول کے لیے امریکہ ملٹری سمیت کئی آپشنز پر غور کر رہا ہے، جب کہ امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ گرین لینڈ کو خریدنا چاہتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گرین لینڈ کے حصول کے لیے ’’متعدد آپشنز‘‘ پر غور کر رہے ہیں، جس میں فوج کا استعمال بھی شامل ہے۔ وائٹ ہاؤس نے بی بی سی کو بتایا کہ نیٹو رکن ڈنمارک کے نیم خودمختار علاقے گرین لینڈ کا حصول امریکہ کے لیے ’’قومی سلامتی کی ترجیح‘‘ ہے۔
امریکی صدر نے چند دن قبل کہا تھا کہ امریکہ کو سیکیورٹی وجوہ پر گرین لینڈ کی ’’ضرورت‘‘ ہے، جس سے ڈنمارک کے وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن نے خبردار کیا کہ امریکہ کی طرف سے کوئی بھی حملہ نیٹو کے خاتمے کا سبب بن جائے گا۔
وائٹ ہاؤس نے منگل کو کہا ’’صدر اور ان کی ٹیم خارجہ پالیسی کے اس اہم ہدف کو حاصل کرنے کے لیے بہت سے آپشنز پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں، اور یقیناً امریکی فوج کا استعمال ہمیشہ کمانڈر انچیف کے اختیار میں ایک آپشن ہوتا ہے۔‘‘
دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ نے ارکان کانگریس کو بریفنگ میں بتایا کہ ٹرمپ گرین لینڈ خریدنا چاہتے ہیں۔ تاہم یورپی اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صرف ڈنمارک اور گرین لینڈ ہی معاملات پر فیصلہ کرسکتے ہیں۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، پولینڈ، اسپین کی حکمراں قیادت نے ڈنمارک سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
0
