0

الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہیں، لوگ افواہوں پر بھروسہ نہ کریں :میاں الطاف

سری نگر،13اپریل(یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور جنوبی کشمیر سے لوک سبھا سیٹ کے امید وار میاں الطاف احمد نے واضح کیا ہے کہ ان کی طبیعت سنبھل رہی ہے اور وہ انتخابات لڑنے کیلئے تیار ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر میاں الطاف احمد نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا :’وہ انتخابات لڑنے کے لئے تیار ہیں۔ ‘
انہوں نے کہاکہ طبعیت ناساز ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا تاہم اب وہ روبہ صحت ہورہے ہیں اور لوک سبھا الیکشن کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
میاں الطاف احمد نے کہاکہ افواہیں پھیلائی جارہی ہیں تاہم میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں بالکل صحت یاب ہوں اور پوری قوت کے ساتھ الیکشن لڑوں گا۔
قبل ازیں میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا کہ ناساز طبیعت کی وجہ سے نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر میاں الطاف احمد کے اننت ناگ – راجواری – پونچھ لوک سبھا سیٹ سے الیکشن نہ لڑنے کا امکان ہے۔
بتادیں کہ نیشنل کانفرنس نے موصوف لیڈر کو اننت ناگ – راجواری – پونچھ لوک سبھا سیٹ کے لئے نامزد کیا ہے۔
عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز یہاں اس سلسلے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا: ‘ہم تک یہ بات ابھی نہیں پہنچی، اگر میاں صاحب نے اس طرح کا کوئی فیصلہ کیا ہوتا تو وہ ہم کو بتا دیتے’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں