نئی دہلی، 19 اپریل : لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل 102 حلقوں کے لئے جمعہ کو 60 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی۔
لوک سبھا کی کل 543 سیٹوں کے لیے سات مرحلوں میں کرائے جانے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعہ کو 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 سیٹوں پر سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوئی۔
ان سیٹوں پر کل 16.63 کروڑ ووٹروں کو کل 1625 امیدواروں میں سے انتخاب کرنا تھا۔ شام 7 بجے تک الیکشن کمیشن سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالنے والے ووٹروں کا تناسب تریپورہ میں سب سے زیادہ 79.90 فیصد رہا، جب کہ بہار میں سب سے کم 47.49 فیصد ووٹر اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے باہر آئے۔
کمیشن کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق تریپورہ کی ایک سیٹ پر 79.90 فیصد، مغربی بنگال کی تین سیٹوں پر 77.57 فیصد، منی پور کی دو سیٹوں پر 68.62 فیصد، میگھالیہ کی دو سیٹوں پر 70.20 فیصد اور آسام میں پانچ سیٹوں پر 71.38 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
پڈوچیری کی ایک سیٹ پر 73.25 فیصد، چھتیس گڑھ کی ایک سیٹ پر 63.41 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اسی طرح جموں و کشمیر کی ایک سیٹ پر 65.08 فیصد، مدھیہ پردیش کی پانچ سیٹوں پر 63.33 فیصد، اروناچل پردیش میں دو سیٹوں پر65.46 فیصد، سکم میں ایک سیٹ پر 68.06 فیصد، ناگالینڈ کی ایک سیٹ پر56.77 فیصد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
میزورم کی ایک سیٹ پر 54.18 فیصد، اتر پردیش میں آٹھ سیٹوں پر 57.61 فیصد، اتراکھنڈ میں پانچ سیٹوں پر 53.64 فیصد، انڈمان اور نکوبار کی ایک سیٹ پر 56.87 فیصد، مہاراشٹر کی پانچ سیٹوں پر 55.29 فیصد، لکشدیپ کی ایک سیٹ پر 59.02 فیصد، راجستھان کی 12 سیٹوں پر 50.95 فیصد، تمل ناڈو کی 39 سیٹوں پر 62.19 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی جو شام 6 بجے تک جاری تھی۔
مغربی بنگال، شمال مشرقی راجستھان اور دیگر مقامات کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سے ہی مرد و خواتین ووٹروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پہلی بار ووٹ کا حق حاصل کرنے والے نوجوان ووٹروں میں ووٹ ڈالنے کے حوالے سے کافی جوش و خروش تھا۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، “تمام 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹنگ کے پہلے مرحلے کا عمل آسانی سے اور پرامن طریقے سے جاری ہے۔ اروناچل پردیش کی 60 اور سکم کی تمام 32 اسمبلی سیٹوں پر بھی آج ووٹنگ ہوئی۔
الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مبصرین کو تعینات کرنے کے علاوہ سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر اپنے دو ساتھی الیکشن کمشنروں گیانیش کمار اور سکھویر سنگھ سندھو کے ساتھ کمیشن کے ہیڈکوارٹر سے پورے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔
یواین آئی۔
0